ذکر مصطفی(ص) کی محفل سجانا زندہ قوموں کی علامت ہے، علامہ رضی جعفر نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس محبان محمد(ص)و آلِ محمدؑکے تحت جشن عید میلاد النبی(ص) و ولادت حضرت امام جعفر صادق ؑ کا جلسہ نشتر پارک میں علامہ رضی جعفر نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس سے خطاب کے دوران علامہ عون نقوی نے کہا کہ قرآن و جامع کتاب ہے، جس میں توریت، زبور، انجیل کا مکمل عملی ثبوت اور احکامات موجود ہیں، جو کہ قلب مصطفیٰ پر نازل کی گئی، قدرت نے قرآن کو ناسخ جبکہ سابقہ کتب کو منسوخ قرار دیا۔ علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ ذکر مصطفیٰ (ص) کی محفل سجانا زندہ قوموں کی علامت ہے، کائنات کے محسن اعظم کا یوم دلوں کو جلاء بخشتا ہے، جشن میلاد منانے کے خلاف فتویٰ دینے والے قرآن اور سنت کی تعلیمات سے نا واقف ہیں۔ تجمل عابدی نے کہا کہ ہم جشن میلاد عبادت سمجھ کر مناتے ہیں۔ ایاز امام رضوی نے کہا کہ ذکر مصطفیٰ نسلوں کی پاکیزگی عطاء کرتا ہے، علامہ جعفر رضا نے کہا کہ ہمارا دینی فریضہ ہے کہ میلاد منا کر سیرت کو اپنائیں، علامہ محمد نقی نقوی، علامہ شمشماد حیدر، مولانا علی عمران نے خطاب جبکہ فیروز الدین سہروردی، اسد جہاں، ارتضیٰ جونپوری، قیصر جعفری، افتخار زیدی اور دیگر شعراء و منقبت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت (ص) میں نذرانہ عقیدت پیش کیا