دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر ترقی کا سفر ممکن نہیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے سنگ بنیاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، ترقی و خوشحالی کے لئے امن ضروری ہے۔ پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لئے سیاسی و عسکری قیادت کو جرات مندانہ فیصلے کرنا ہوں گے۔ دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر ترقی کا سفر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ روٹ پر اکنامک زون تعمیر کئے جائیں تاکہ اقتصادی منصوبے کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ بلوچستان کی پسماندگی کا خاتمہ کرتے ہوئے، نوجوانوں کو تعلیم اور تربیت دے کر، ترقی کے عمل میں شامل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی محرومیت اور ان کے خدشات کاازالہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں شرابی اور بدکار انسان کو عالم کے عنوان سے بٹھانا، اسلامی تعلیمات سے سنگین مذاق اور قہر خداوندی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ میڈیا اسلامی نقطہ نظر کو جاننے کے لئے باکردار جید علماء کی طرف رجوع کرے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی کی اسلامی تعلیمات اور اتحاد امت کے سلسلے میں خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار لال مسجد کے ترجمان اور محافظ کا کردار ادا کرنے کی بجائے داعشی دہشت گردوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کریں۔ وزیر داخلہ کوپاکستان کے قلب اسلام آباد میں عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے سہولت کاروں مولانا عبد العزیز ،امِ حسان اور لال مسجد کے مکینوں سے کتنی ہمدردی ہے، اس کا اندازہ ان کے بیانات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے