کراچی میں سکیورٹی فورسز کی انتہائی اہم کامیابی، صوبہ سندھ میں داعش کا سرغنہ عمر کاٹھیور گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) صوبہ سندھ میں داعش کے سرغنہ عمر کاٹھیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار دہشتگرد سانحہ صفورا میں بھی ملوث تھا۔ عمر کاٹھیور کی اہلیہ سندھ میں داعش خواتین کا نیٹ ورک چلا رہی ہے۔ کراچی میں سکیورٹی فورسز کو انتہائی اہم کامیابی ملی ہے۔ سندھ میں داعش کا نیٹ ورک منظم کرنے اور القاعدہ عرب اور برصغیر کے دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنے والے دہشت گرد عمر کاٹھیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمر کاٹھیور القاعدہ اور داعش سندھ کا امیر ہے۔ دہشت گرد سانحہ صفورا بس پر حملے کا مرکزی کردار بھی ہے۔ گرفتار دہشت گرد نے القاعدہ برصغیر سے داعش میں شمولیت اختیار کی اور 2011ء میں سندھ میں دہشت گردوں کا منظم نیٹ ورک قائم کیا۔ القاعدہ عرب کے دہشت گردوں کو سہولیات فراہم کرنا عمر کاٹھیور کی ذمہ داری تھی۔ عمر کاٹھیور عربی زبان کا ماہر اور دہشت گردوں کو فنڈنگ کرتا تھا۔ عمر کاٹھیور کی اہلیہ سندھ میں داعش خواتین کا نیٹ ورک چلاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ صفورا کے گرفتار ملزم سعد عزیز کی نشاندہی پر عمر کاٹھیور کو گرفتار کیا گیا۔ عمر کاٹھیور کی نشاندہی پر اہم گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق عمر کاٹھیور حیدر آباد اور کراچی میں پولیس پر حملوں میں بھی ملوث ہے۔ عمر کاٹھیور نے کوٹری میں دہشت گرد طاہر منہاس کو بھی داعش میں شامل کیا تھا۔ عمر کاٹھیور نے طاہر منہاس کے ہمراہ پولیس اہلکاروں کو قتل کیا۔ دہشت گرد سانحہ صفورا کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔