داعش کے خطرے سے آنکھیں بند کی گئیں تو آنیوالے وقت میں پچھتانا پڑے گا، حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بھارتی ائیر بیس پر حملہ را کا ڈرامہ ہے، کالا دھن کو سفید کرنے کی حکومتی سکیم مسترد کرتے ہیں، بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی بحالی کیلئے تحریک چلائی جائے گی، آپریشن ضرب عضب دہشتگردوں کیلئے ضرب غضب ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم ٹیکس وصول کرنیوالے اداروں کی ناکامی ہے، ملکی معیشت بیرونی قرضوں میں پھنسی ہوئی ہے اور بیرونی قرضوں کا کوہ ہمالیہ اونچا ہوتا جا رہا ہے، ایمنسٹی سکیم معاشی اخلاقیات کے منافی ہے، ٹیکس وصولی میں ایف بی آر خود بڑی رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ لاہور میں اجتماعی زیادتی کا شکار ہونیوالی مظلوم لڑکی کو انصاف ملنا چاہیئے اور واقعہ میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے، سپہ سالار کا دہشتگردی اور کرپشن کے گٹھ جوڑ توڑنے کا عزم قوم کیلئے خوش خبری ہے، پاک افغان سرحد پر غیر قانونی آمدورفت روکی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے فاٹا کو صوبہ کا درجہ دیا جائے، اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل نو کی ضرورت ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین دینی و دنیاوی امور کا ماہر شخص ہونا چاہیئے۔ او آئی سی اور عرب لیگ مسلمانوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے، ایمنسٹی سکیم نیا معاشی این آر او ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ داعش کے خطرے سے آنکھیں بند کی گئیں تو آنیوالے وقت میں پچھتانا پڑے گا، جعلی جمہوریت سے غریب آدمی کو کچھ نہیں ملا، حقیقی جمہوریت آئے گی تو ملک ترقی کرے گا۔