آئی ایس او کے زیراہتمام تربیتی تفریحی ٹورز کا آغاز ہوگیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر کی تمام ڈویژن میں سفیران نور تربیتی اور تفریحی ٹورز کا آغاز ملتان اور فیصل آباد ڈویژن سے ہو گیا جبکہ باقی ڈویژن میں ٹورز کا انعقاد جنوری میں ہی مکمل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر سرفراز علی نے تنظیم کے مرکزی دفتر لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی، فکری، تعلیمی شعور کے اضافے کیلئے تفریحی ٹورز کے انعقاد کا مقصد نوجوان نسل کی تربیت کرنا ہے تاکہ نوجوان معاشرہ میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں، نوجوانوں میں فکری تربیت کیساتھ ساتھ جسمانی صحت اور تندرستی کے شعور کو اجاگر کرنے کیلئے اسکائوٹنگ بھی کروائی جائے گی۔ ٹورز کے ایجنڈا میں اسٹدی سرکلز، ڈسکشنز، حالات حاضرہ سے آگاہی پر مبنی دروس شامل ہیں۔ سرفراز علی کا کہنا تھا کہ ٹورز کے انعقاد کا مقصد طلبا میں دین کی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جامعات میں سیکولر طبقات طاقتور ہو چکے ہیں اور طلبا کو دینی تعلیمات سے دور کر رہے ہیں، طلباء کو اسلام کے حقیقی چہرے سے روشناس کروانا ہمارا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔