ایران سعودی کشیدگی کی آڑ میں فرقہ واریت کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیںگے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل اتحاد امت مہم چلائے گی، ایران سعودی کشیدگی کی آڑ میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ شیعہ سنی لڑائی کو تیز کرنا چاہتا ہے، امریکی سازش کو ناکام بنانے کیلئے وحدت امت کی ضرورت ہے، سعودی عرب میں شیعہ افراد کے سر قلم کرنا اور ایران میں سعودی سفارتخانے کو جلانا دونوں عمل قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک فرقہ وارانہ بنیادوں پر پالیسیاں نہ بنائیں، نیشنل ایکشن پلان کے مقاصد حاصل نہیں ہو رہے، اقتصادی راہداری منصوبے پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سنی اتحاد کونسل پنجاب کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردی ختم کی ہے مگر دہشتگرد نیشنل ایکشن پلان پر عمل سے ختم ہونگے، پنجاب میں احتسابی عمل شروع نہ ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا معاہدہ کریں، ایران سعودی کشیدگی کی آڑ میں فرقہ واریت کو پھیلانے والے ملک دشمنی کا مظاہر ہ کر رہے ہیں۔