غیر جانبدار رہ کر سعودی عرب اور ایران کو قریب لانے کی پوزیشن میں ہیں، علی اکبر گجر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے برف پگھلے گی اور سعودی عرب اور ایران کے درمیان مفاہمت کی راہیں ہموار ہوں گی۔ سعودی عرب اور ایران دونوں پاکستان کے دوست ممالک ہیں جن کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج پاکستان کے لئے ہی نہیں اس پورے خطے اور پوری امت کے لئے تشویش ناک ہے لیکن سعودی وزیر خارجہ عادل احمد الجبیر کے حالیہ دورہ پاکستان سے پڑوسی ملک ایران اور دوست ملک سعودی عرب کے درمیان پاکستان کی ثالثی کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں تلخیاں کم کرنے اور حالات کی سنگینی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس وقت پاکستان خطے میں قائدانہ کردار ادا کر رہا اور اس کشیدگی میں بھی پاکستان کا کردار بہت اہم ہوگیا ہے۔ پاکستان خود پچھلی دو دہائیوں میں براہ راست دہشت گردی کی زد میں رہا ہے اس لئے وہ سمجھتا ہے کہ اس قسم کی صورت حال میں جذباتی فیصلوں سے صورت حال خراب ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران ہمارے لئے دوآنکھوں کی مانند ہیں اور ہم اس جھگڑے میں غیر جانبدار رہ کر بھی دونوں ملکوں کو مزاکرات کی میز پر لانے کی پوزیشن میں ہیں۔ وزیراعظم میاں نواز شریف اس مسئلے کی سنگینی کو سمجھتے ہیں اس لئے ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ دونوں مسلمان ملکوں کو اس بحران سے نکالنے میں کامیاب رہیں گے۔ علی اکبر گجر نے پاکستان کی مختلف مذہبی اور سیاسی تنظیموں سے اپیل کی وہ اس گمبھیر صورت حال میں صبر سے کام لیں اور ایسی سرگرمیوں سے باز رہیں کہ جس سے ملک میں فرقہ واریت کو فروغ ملنے کا خدشہ ہو۔ دشمن سعودی عرب اور ایران میں ناچاقی سے فائدہ اٹھا کر پاکستان میں دوبارہ فرقہ واریت کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں، اس لئے عوام ان سازشوں سے خبردار رہیں تاکہ ملک میں امن قائم رہے