عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ داعش اور ٹی ٹی عالم اسلام کیلئے بڑا خطرہ ہیں، مولانا امیر حمزہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)جماعتہ الدعوہ پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے کہا ہے کہ عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ تحریکِ طالبان اور داعش عالم اسلام کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ خلافت کے نام پر مسلمانوں کا خون بہانے والے ہی اسلام کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ موجودہ دور میں داعش اور ٹی ٹی پی جیسی تکفیری اور دہشت گرد تنظیموں نے عالم اسلام کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ بیرونی قوتیں مسلم ملکوں میں دراڑیں ڈال کر انہیں کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی پر پوری امت مسلمہ کو تشویش ہے۔ پاکستان اور ترکی اس صورتحال پر الگ تھلگ رہنے کی بجائے سعودی عرب ایران کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔ ملتان سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی دہشتگرد گروہ داعش اسلام دشمن خوارج کا گروہ ہے۔ دشمنان اسلام کے ہاتھ مضبوط کرنے والے کبھی اسلام پسند نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بیرونی قوتیں متحد ہو کر عالم اسلام کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں۔ جماعتہ الدعوہ اسلام اور پاکستان کی حفاظت کرنے والی جماعت ہے۔ اسلام ونظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے مسلمانوں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا