مدارس کیساتھ کالجز اور یونیورسٹیز سے چندہ اور بندہ دینے والوں کو بھی بے نقاب کیا جائے، سنی تحریک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان، سردار محمد طاہر ڈوگر، شیخ محمد نواز قادری، مفتی محمد حسیب سُبحانی نے لاہور سے جاری بیان میں جلال آباد میں پاکستانی سفارتخانے پر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کے نام پر خون کی ہولی کھیلنے والے تعلیمات مصطفےٰﷺ سے نا واقف اور نا سمجھ ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انسانی قیمتی جانوں سے کھیل کھیلنے والے اسلام کے نام پر سیاہ دھبہ ہیں، حکمران جماعت اور صوبائی وزراء نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد میں رکاوٹ ہیں، سیاسی پرچم تلے چھپے سہولت کاروں کا خاتمہ از حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کیساتھ ساتھ کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر اداروں میں تعلیم، مذہب، سیاست، ثقافت اور فلاح کے نام پر چندہ اور بندہ دہشتگردوں کو فراہم کرنے والوں کو بھی بے نقاب کر کے انجام تک پہنچا نے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی دہشتگرد ہی مذہبی دہشتگرد عناصر کی سرپرستی کر رہے ہیں، سیاست چمکانے کیلئے سیاسی جماعتیں ریاستی حفاظتی اداروں کی کردار کشی میں مصروف ہیں، حالیہ دہشتگردی، سیاسی سنیاسی بابوں کی کج فکری کا نتیجہ ہے۔