جمہوری دور میں طلبہ یونین پر پابندی آمرانہ پالیسیوں کا تسلسل ہے، آئی ایس او کراچی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے نائب صدر سید عابد علی جعفری نے کہا ہے کہ جمہوری دور میں طلبہ یونین پر پابندی آمرانہ پالیسیوں کا تسلسل ہے، موجودہ حکومت طلبہ یونین سے پابندی اٹھا کر اپنے جمہوری ہونے کا ثبوت دے۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی جانب سے طلبہ یونین کی بحالی کیلئے کمیٹی کی تشکیل کو خوش آئند عمل قرار دیتے ہوئے عابد علی جعفری نے کہا کہ طلبہ یونین پر پابندی کے باعث طلبہ اپنے آئینی حق سے محروم ہیں، طلبہ یونین کی بحالی سے معاشرے میں جمہوری اقدار پروان چڑھنے کیساتھ ساتھ ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی، اور طلبہ یونین کی بحالی موروثی سیاست کے خاتمے کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین پر پابندی سے طلبہ تعلیمی اداروں کے آئین کے تحت حاصل ہونے والے بنیادی حقوق و اختیار سے محروم ہیں، جس کے سبب طلبہ کو بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے نااہل انتظامیہ کے دفتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔