داعش اور ان کے حامیوں نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں اپنی جڑیں مضبوط کرلی ہیں، ایم کیو ایم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) متحدہ قومی موومنٹ میرپور خاص کے زونل انچارج مجیب الحق و اراکین زونل کمیٹی نے کہا ہے کہ مذہبی انتہا پسندی کے خلاف کاروائی میں حکومتی ہچکچاہٹ کی وجہ سے دہشت گردی کا عفریت ملک بھر میں پھیل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین ہمیشہ قوم کو مستقبل کے خطرات سے پیشگی آگاہ کرتے رہے لیکن خود کو عقل کل سمجھنے والے سیاسی و مذہبی رہنماوں اور حکومت وقت نے داعش کی ملک میں موجودگی سے انکار کرکے ملک و قوم کو دہشت گردوں اور مذہبی انتہا پسندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، آج داعش اور انکے حامیوں نے ملک بھر میں اپنی جڑیں مضبوط کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے وجود کا اعلانیہ اقرار کرکے اسکے وجود سے کھلے عام انکار کرنے والوں کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیئے۔ اسلام آباد میں نجی نیوز چینل اے آر وائی کے دفتر پر بم حملے کی دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے ذمہ داری قبول کرنے کے بعد اب اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ ملک کے دارالخلافہ میں مذہبی انتہاء پسندوں نے اپنی جڑیں مضبوط کرلی ہیں۔ انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ داعش کے عفریت کو کچلنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔