Uncategorized

داعش، طالبان اور کالعدم جماعتوں سمیت ہر شکل میں دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیئے، سربراہ سنی تحریک

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ داعش، طالبان اور کالعدم جماعتوں سمیت ہر شکل میں دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیئے، دہشت گردوں کے سہولت کار ان کو فنڈز فراہم کرنے والے اور کرپٹ عناصر بھی بڑے دہشت گرد ہیں ان کو ختم کئے بغیر کرپشن پر قابو نہیں پایا جا سکتا، جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جو انتہائی قابل تحسین خدمات انجام دی ہیں اس پر آرمی چیف کی حیثیت میں ان کی مدت میں نہ صرف توسیع دی جائے بلکہ ان کی زندگی میں انہیں نشان حیدر عطاء کیا جائے۔ وہ لطیف آباد نمبر 8 باغ مصطفیٰ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جہاں انہوں نے سنی تحریک کے رہنمائوں خالد حسن عطاری، عمران سہروری، عابد قادری، ساجد کاظمی، شفیق میو اور دیگر کے ساتھ "پاکستان شہداء کانفرنس” کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے باغ مصطفیٰ کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے خواہ وہ سنی تحریک کے قائدین ہوں فوج اور رینجرز کے جوان ہوں آرمی پبلک اسکول سمیت ملک کے کسی حصے کے طلباء ہوں یا عام شہری۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی داعش کی شکل میں ہو مولانا عبدالعزیز کی شکل یا خارجی دہشت گردی ہو ہر طرح کی دہشت گردی سے ملک کو پاک کیا جانا چاہئیے اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی آڑ میں نشانہ بنائے جانے کے موقف کے حوالے سے سوال پر ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پورے ملک کے لئے ہیں دہشت گرد پکڑے جا رہے ہیں جو دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کر رہے ہیں دہشت گردوں نے راہ حق اور دیگر ناموں سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا ہے، پارلیمنٹ میں 347 دہشت گردوں کے خلاف ایف آئی آرز اور ان کے جرائم کی فہرست پیش کی جا رہی ہے اب اور کس ثبوت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش کو جو لوگ اعلانیہ دعوت دے رہے ہیں ان کا خواتین ونگ بھی بنا ہوا ہے انٹرنیٹ پر ان کے بارے میں تمام ثبوت موجود ہیں ملک کو بچانا امن و امان اگر چاہئیے تو دہشت گردی کے تمام ہیڈکوارٹرز کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دو روز پہلے بہاولپور سے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرنے کے بارے میں آگاہ کیا ہے ہم 20 سال سے کہہ رہا ہے کہ وہ انڈیا کی جیل توڑ کر فرار ہو کر آیا ہے اور پاکستان میں بھی دہشت گردی کرا رہا ہے مگر اس کے خلاف اب جا کر کاروائی کی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button