اعترافی بیانات سے ثابت ہوگیا ہے کہ داعش پاکستان میں یلغار کرچکی ہے، سینیٹر میاں عتیق
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) متحدہ قومی موومنٹ کے سینٹر اور پنجاب کے صوبائی صدر میاں عتیق نے کہا ہے کہ داعش کی کراچی، اسلام آباد اور پاکستان میں کارروائیوں کے بعد اس کی موجودگی سے کوئی انکار نہیں کرسکتا اور جو حکمران اور سیاسی و مذہبی جماعتیں اب بھی داعش کی موجودگی سے انکاری ہیں وہ یا تو خوفزدہ ہیں یا داعش کے ہمنوا ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ داعش دنیا بھر میں دین اسلام کا نام لیکر انسانیت کا بیدردی سے قتل عام کررہی ہے اور پاکستان میں داعش کی کارروائیاں اور اعترافی بیانات سے ثابت ہوگیا ہے کہ داعش پاکستان میں یلغار کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے داعش کی پاکستان میں موجودگی کی آگاہی ڈیڑھ برس قبل ہی دیدی تھی اور الطاف حسین کی جرات اورہمت کا اندازہ بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے انہوں نے پاکستان میں طالبان کی موجودگی اور ٹھکانوں سے بھی برسوں قبل حکمرانوں اور قوم کو آگاہ کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ملک کے حکمران طالبان اور داعش کی موجودگی کے حوالے سے الطاف حسین کے حقائق پر مبنی بیانات اور خطابات کو برداشت نہیں کرسکے اور داعش اور طالبان کے خلاف متحد و منظم ہوکر کاروائی کرنے کے بجائے الٹا الطاف حسین کے خطابات اور تقاریر پر ہی پابندی لگا بیٹھے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔