ملک کے مختلف شہروں میں داعش کی کاروائیاں پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، ایم کیو ایم ٹنڈو الہ یار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے قائم مقام زونل انچارج عبدالرحمان ایڈوکیٹ و اراکین زونل کمیٹی نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں داعش کی کاروائیاں پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین وہ واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے پاکستان کی جانب داعش کے بڑھتے ہوئے خطرات کو بروقت محسوس کرتے ہوئے بذریعہ پریس کانفرنس قوم کو آگاہ کیا مگر مملکت کے امور سے بے خبر وزراء نے الطاف حسین کے خدشات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے پاکستان میں داعش کے وجود سے سراسر انکار اور الطاف حسین کے بیانات کو الزامات کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے ہمیشہ ملکی سلامتی کو مقدم رکھا ہے اور ملک کو درپیش خطرات کو محسوس کرتے ہوئے حکمرانوں کو قبل ازوقت آنے والے خطرات سے آگاہ کیا ہے مگر یہ اس ملک و قوم کی بدقسمتی ہے کہ حکمران طبقے نے الطاف حسین کی جانب سے بیان کردہ حقائق کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا اور حکمران طبقے کے اس غیر سنجیدہ طرز عمل کے باعث ملک و قوم کو بیشتر قیمتی جانوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔