پاکستان کی دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، علامہ حسین مسعودی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر اور معروف عالم دین علامہ حسین مسعودی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کی کوششیں احسن اقدام ہیں، فیڈرل بی ایریا بلاک 13 میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری اسلامی دنیا خلفشار کا شکار ہے اور دہشت گرد ٹولہ مسلمانوں کا خون بہا رہا ہے ایسے میں عرب اور مسلم حکمرانوں کو سامراجی سازشوں کو سمجھ کر اقدامات کرنے ہونگے اور ایسے عناصر کی سرکوبی کرنا ہوگی جو اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کر کے ہمارے ہی بھائیوں کا خون بہا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے مفادات کو مدنظر رکھیں اور اختلافات ختم کرکے یکجا ہوں تاکہ اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔