پاکستان کو ایران سعودی کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کی سزا دی گئی ہے،ریاض شاہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظمِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے لاہور میں علما سے گفتگو میں کہا ہے کہ علمائے اہلسنت قتلِ ناحق کے خلاف خطباتِ جمعہ دیں گے اور خطباتِ جمعہ میں انسانی جان کی حرمت بیان کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 80ء کی دہائی میں جو بویا وہ آج کاٹ رہے ہیں، بیرونی ہاتھ دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاکستان کو ایران سعودی کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کی سزا دی گئی ہے، خارجی محاذ پر پاکستان کا بڑھتا ہوا کردار دشمن کو ہضم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد نا گزیر ہو چکا ہے، سانحہ چار سدہ سے سانحہ پشاور کے زخم تازہ ہو گئے ہیں، ملک حالتِ جنگ میں ہے اس لیے حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جنگی اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی طاقتیں مسلم ممالک میں اپنا خونی کھیل بند کریں، دہشتگردی کی نئی لہر تشویشناک ہے، ایک ہفتے میں 140 افراد دہشتگردی کی نذر ہو چکے ہیں