پنجاب،کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں روکنے کیلئے محکمہ داخلہ کا مراسلہ جاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیمو ں باالخصوص عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور ممکنہ تکفیری دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے میں مذہبی منافرت پر مبنی اشتعال انگیز آڈیو کیسٹس کی فروخت، انھیں چلانے، اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور نعرے لگانے کی بھی ممانعت ہو گی، آتشیں اسلحہ، لاٹھی، ڈنڈا، چاقو، خنجر کی نمائش پر پابندی ہوگی تاہم مجاز حکام کی طرف سے اجازت نامہ حاصل کرنیوالے مستثنٰی ہوں گے۔
با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اقدامات ایک حساس ادارے کی طرف سے عالمی دہشتگرد گروہ داعش سمیت دیگرکالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے کئے گئے ہے، عوام میں بے چینی اور خوف پھیلانے والی افواہوں خبروں، بینرز، پوسٹرز، وال چاکنگ اور اشتہارات چھاپنے اور لگانے کی ممانعت ہوگی، مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر لاؤڈ اسپیکر/ایمپلی فائر کا غیر ضروری استعمال نہیں ہوگا تاہم نماز جمعہ، نمازجنازہ، مذہبی اجتماعات اور عرس تقاریب اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔ مزید برآں گاڑیوں میں کالے شیشے اور سن بلاکس لگانے جبکہ غیر مجاز گاڑیوں پر سبز نمبر پلیٹ اور ریوالونگ لائٹ کی تنصیب بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔ یہ حکم نامہ صوبے میں فوری نافذالعمل ہو گا