مذہبی دہشتگردوں کیساتھ سیاسی و معاشی دہشتگردوں کیخلاف بھی کارروائی کیجائے، علامہ اسدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)عوامی بنیادی ضروریات کو نظرانداز کرکے میٹرو پروجیکٹ کے نام پر کمیشن اور اپنے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے کھربوں روپوں کا ضیاع ملکی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، ملک بھر میں توانائی بحران کے سبب عوام مشکلات کا شکار ہیں، گیس کی لوڈشیڈنگ نے غریب عوام کو اس ٹھٹھرتی سردی میں 2 وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں جنوبی پنجاب سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ملکی تاریخ کا سب سے سستا اور منافع بخش میگا پروجیکٹ پاک ایران گیس پائپ لائن کو اپنے بیرونی آقاوُں کی خوشنودی کیلئے پس پشت ڈال دیا گیا ہے، غیروں کے مفادات کی تکمیل کیلئے ملکی مفادات کو داوُ پر لگانے کا عمل ملکی ترقی و استحکام کیلئے خطرناک ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین قومی اداروں کی نجی کاری کیخلاف ہے، حکمران اپنی تجوریاں بھرنے کیلئے قومی اداروں کی نجکاری چاہتے ہیں، پی آئی اے، ریلوے اور سٹیل ملز سے کرپشن مافیا کا خاتمہ کریں تو یہ ادارے منافع بخش ثابت ہوسکتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ان تمام اداروں پر کرپشن اور کمیشن مافیا کا راج ہے، مذہبی جنونی دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کیساتھ ساتھ معاشی و سیاسی دہشتگردوں اور کرپشن مافیا کیخلاف بھی کارروائی کی جائے، کیونکہ اس کے بغیر ملکی ترقی و استحکام ممکن نہیں، پاکستان کی بقا کیلئے دہشتگردی کے خاتمے کیساتھ بے رحمانہ احتساب بھی ضروری ہے