مطلوبہ حفاظتی انتظامات نہ کرنے والی یونیورسٹیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد کی زیر صدارت جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مطلوبہ حفاظتی انتظامات نہ کرنے والی یونیورسٹیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ گورنر خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اجلاس میں جامعات کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گيا۔ سردار مہتاب عباسی نے ہدایت کی کہ آئی جی یونیورسٹیوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کی حاضری یقینی بنائیں، غیر حاضر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ گورنر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی اسٹاف کی مناسب ٹریننگ کیلئے چیف سیکرٹری سے فوری رابطہ کیا جائے جبکہ جامعات میں سیاسی سرگرمیوں کو ختم کیا جائے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گيا کہ سیکیورٹی کی مد میں جامعات کی مالی معاونت کیلئے ایچ ای سی اور صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا اور مطلوبہ حفاظتی انتظامات نہ کرنے والی جامعات کے خلاف کارروائی کی جائے گی