سیدہ زینب سمیت اہلبیت اور اصحاب کے مزارات کو ڈھانے اور ان پر حملے کرنیوالے کافر ہیں، پیر اعجاز ہاشمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے شام کے دارالخلافہ دمشق میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی صاحبزادی سیدہ زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے مزار اقدس کے قریب بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص مائنڈ سیٹ اسلامی ورثے کی دشمنی میں کارروائیاں کر رہا ہے، ایسے لوگ اللہ تعالیٰ کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، دنیا و آخرت میں تباہی اور بربادی ایسی بدروحوں کا مقدر ہے۔ لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ایک عرصے سے داعش اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں سیدہ زینب بنت علی کے مزار اقدس کو شہید کرنے کیلئے سازشیں کر رہی تھیں، مگر ناکام ہیں اور انشااللہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ داعش نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرکے اپنی ذہنیت اور کفر کا اظہار کر دیا ہے، یہی وہ گروہ ہے جس نے حضرت یونس علیہ السلام، حضرت اویس قرنی رضی اللہ تعالیٰ عنہہ اور حضرت حجر بن عدی رضی اللہ تعالیٰ عنہہ اور دیگر صحابہ کرام کے مزارات مقدسہ کو شہید کیا، یہ لوگ تکفیری دہشتگرد، کرائے کے بدمعاش، یہودی اور کافر ہیں، جن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، انہیں مسلمان کہنا پرامن مذہب اسلام کی توہین اور سرور کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی محبت اور بھائی چارے کی تعلیمات کا انکار ہو گا۔