پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیلئے رینجرز کو بلانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کور کمانڈر لاہور سمیت اعلیٰ عسکری قیادت کی اہم ملاقات، ملاقات میں پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی زیرغور آئی۔ ابتدائی طور پر پنجاب کے 2 اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی کیلئے پنجاب حکومت ریکوزیشن بھجوائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی رہائشگاہ 96 ایچ ماڈل ٹاؤن میں ہونیوالی ملاقات میں کورکمانڈر لاہور لیفیٹنٹ جنرل صادق علی سمیت اعلیٰ عسکری قیادت موجود تھی۔ غیر معمولی ملاقات میں حساس اور اہم معاملات پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی زیر غور آئی۔ ابتدائی طور پر تونسہ شریف اور راجن پور میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دہشتگرد تنظیموں اور انتہائی مطلوب ملزمان کیخلاف سرجیکل آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کیلئے ریکوزیشن پنجاب حکومت بھجوائے گی۔ سرجیکل آپریشن میں دہشتگردوں کا کسی بھی حد تک پیچھا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں رینجرز کی تعیناتی کیلئے باقاعدہ اہم امور طے کر لئے جائیں گے۔