پنجاب حکومت نے ثروت اعجاز قادری کے پنجاب داخلے پر پابندی لگا دی، سنی تحریک کی مذمت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پنجاب حکومت کی جانب سے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کے پنجاب داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں نقص امن کے خدشات کے پیش نظر ثروت اعجاز قادری کے پنجاب داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔ پنجاب حکومت کے محکمہ داخلہ کی جانب سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور سنی تحریک کے سربراہ کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔ سنی تحریک کے سربراہ کو بھجوائے گئے مراسلے میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پنجاب میں داخل نہ ہوں، پنجاب میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ نواز نے ہمیشہ جمہوریت کی آڑ میں آمرانہ رویہ اختیار کیا ہے، ملک کے قومی اداروں کو ذاتی جاگیر کی طرح استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، صوبہ پنجاب کو مسلم لیگ نواز پولیس اسٹیٹ بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی پنجاب داخلے پر پابندی کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، نواز لیگ صوبائیت کا تعصب پھیلانا چا ہتی ہے، پنجاب کسی کے باپ داد کی جاگیر نہیں، غیر جمہوری طرز حکومت اور آمرانہ رویوں کو تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک محب وطن اور جمہوریت پسند جماعت ہے مسلم لیگ نواز بکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، سنی تحریک کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہونے کی بجائے نواز لیگ کو جمہوری طرز حکومت اختیار کرنا چاہئے۔
ادھر سنی تحریک کے رکن مرکزی رابطہ کمیٹی ڈاکٹر محمد شاہد حسین، صوبائی رہنما ڈاکٹر عمران مصطفی، مفتی لیاقت حسین گجراتی، علامہ مجاہد عبدالرسول خان، محمد زاہد حبیب قادری، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ تارڑ، سید عثمان حیدر شاہ نقوی، جماعت رضائے مصطفی پاکستان کے امیر صاحبزادہ پیر محمد داؤد رضوی، مرکزی ادارہ فیضان ابوالبیان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سید احمد فاروق شاہ مجددی، ادارۃ المصطفیٰ کے امیر پیر زادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی، عالمی تنظیم اہلسنت کے مرکزی ناظم اعلیٰ مولانا ضیاءاللہ قادری، جماعت اہلسنت کے ضلعی امیر مولانا محمد رفیق احمد رضوی، پاسبان اہلسنت پاکستان کے مرکزی صدر مولانا محمد ذکاء اللہ رضوی، جماعت اہلسنت کے مرکزی رہنما پنجاب علامہ خالد حسن مجددی، سردار محمد طاہر ڈوگر، شیخ محمد نواز قادری و دیگر نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ نواز انتقامی سیاست کی بدترین مثال ہے، عوامی طاقت سے ایسی کسی بھی پابندی کو قبول نہیں کریں گے۔
رہنماؤں نے کہا کہ میاں شہباز شریف مسلم لیگ نواز کی پالیسی واضع کریں ایک طرف وہ دہشتگرد کالعدم جماعتوں کے اتحادی اور سہولت کار ہیں جبکہ دوسری طرف نواز لیگ قومی ایکشن پلان اور ضرب عضب کی حمایتی جماعت سنی تحریک کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کی سرپرستی چھوڑنے کی بجائے امن پسند قوتوں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے، عوام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتے ہیں، نواز لیگ کو اپنی آمرانہ اور انتہاء پسندانہ سوچ کو بدلنا ہوگا۔ رہنماؤ ں نے کہاکہ سنی تحریک کو مسلم لیگ نواز سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، قومی اداروں کے پر کاٹنے والے پنجاب حکومت میں سربراہ ثروت اعجاز قادری پابندی کا بھونڈہ خواب دیکھنا چھوڑ دے۔