دہشتگردوں کیساتھ انکے سہولت کاروں کو بھی نہیں چھوڑا جائیگا، وزیراعظم نواز شریف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعظم نواز شریف نے شہر کراچی میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پہنچنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت غیر رسمی اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں ایک بار پھر بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اور دیگر سیکیورٹی ادارے پولیس کی سیکیورٹی کیلئے موجود ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے، اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، دہشتگردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس سے قبل گرین لائن میگا ٹرانزنٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے وزیراعظم نواز شریف آج کراچی پہنچے، تو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ان کا استقبال کیا، بعد ازاں وزیراعظم نے کراچی کے انو بھائی پارک میں گرین لائن میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔