حضرت فاطمہ زہرا (س) کی سیرت و کردار ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ شہنشاہ نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) خطیب مسجد باب العلم علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا (س) کی سیرت و کردار ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے، مجالس شہادت حضرت فاطمہ زہرا (س) کے اجتماع سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ حضرت سیدہ زہرا (س) نے سخت اور کٹھن وقت میں ترویج دین کے فرائض انجام دیئے اور رسالت مابﷺ کے شانہ بشانہ کام کیا، آج اس پر آشوب دور میں ہمیں انہیں مقدس اور خدا کے پسندیدہ بندوں کے بتائے ہوئے اصولوں پر چلنا ہوگا جن کی محبت کا حکم دیا گیا ہے تاکہ مسلم امہ بھی دوسری اقوام کی طرح سر اٹھا کر جی سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا (س) رسول اکرمﷺ کی وہ چہیتی بیٹی تھیں جن کا رسول اکرمﷺ بہت احترام کرتے تھے، آپﷺ نے واضح طور پر کہا کہ فاطمہ (س) میرے جگر کا ٹکڑا ہے جس نے اس کو تکلیف دی اس نے مجھے اذیت پہنچائی، لہٰذا آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سیرت سیدہ فاطمہ زہرا (س) پر صدق دل سے عمل کریں کیونکہ ان کی محبت کو واجب قرار دیا گیا ہے۔