پروفیسر سید سبط جعفر زیدی شہید جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، تاج حیدر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری تاج حیدر نے مشہور سوز خواں اور ماہر تعلیم پروفیسر سید سبط جعفر زیدی کے یوم شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور جمہوریت کے دشمن چن چن کر ہمارے نامور لوگوں کو اور قوم کے محسنوں کو قتل کر رہے ہیں، تاکہ انتخابات سے قبل خون ریزی اور انتشار کا نیا باب کھول دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر سید سبط جعفر زیدی شہید جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ وہ ایک سچے عاشق پنجتن تھے۔ اللہ نے ان کی آواز میں قدرتی درد و سوز دیا تھا اور برسوں کی ریاضت کے بعد وہ اپنی سوز خوانی کو اس درجہ کمال تک لے گئے جہاں ایک عالم ان کا گرویدہ تھا۔ تاج حیدر نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کہ دشمنوں نے ہم پر کاری ضرب لگائی ہے۔ ہمیں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھنا چاہیے جب تک دہشت گردی کے اس فتنے کو ہم جڑ سے نہ اکھاڑ پھینکیں۔ تاج حیدر نے کہا کہ تمام تر حفاظتی اقدامات اپنی جگہ لیکن ہمارے تمام اداروں کو عوام کے تعاون کے ساتھ ان عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنی ہوگی، تاکہ امن سے محبت کرنے والے ملک میں چین سے رہ سکیں۔