موجودہ حالات میں وحدت اسلامی کانفرنس کروانا جے ایس او کا ایک احسن اقدام ہے، علامہ مجاہد عباس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جے ایس او پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے ایک وفد نے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ذیشان حیدر کی سربراہی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان ملتان کے ڈویژنل صدر علامہ مجاہد عباس گردیزی سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی آرگنائزر جے ایس او پاکستان سندھ امجد علی بھنبھرو اور ڈویژنل صدر جے ایس او پاکستان راولپنڈی ڈویژن عبداللہ رضا موجود تھے۔ مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ذیشان حیدر نے علامہ مجاہد عباس گردیزی صاحب کو راولپنڈی میں ہونے والی وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ ڈویژنل صدر جے ایس او پاکستان عبداللہ رضا نے علامہ صاحب کو وحدت اسلامی کانفرنس کے سلسلے میں بریف کیا۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان، ملتان کے ڈویژنل صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں وحدت اسلامی کانفرنس کروانا ایک احسن اقدام ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے جس پاکستان کی بنیاد رکھی تھی اور علامہ محمد اقبال نے جس اسلامی مملکت کا خواب دیکھا تھا وہ اتحاد و وحدت کے ساتھ ملک پاکستان کی بقاء تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے جے ایس او پاکستان اور بالخصوص راولپنڈی ڈویژن پر کہ انہوں نے اس کام کی ابتداء کی ہے۔ اب یہ سلسلہ رکنا نہیں چاہیے اور ہر ڈویژن کو چاہیے کہ اس طرح کی کانفرنسز کروا کر اتحاد و وحدت کی فضا کو فروغ دیں۔ علامہ مجاہد عباس گردیزی کا کہنا تھا کہ ڈویژنل صدرجے ایس او پاکستان راولپنڈی ڈویژن عبداللہ رضا اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ وہ اس قدر عظیم کانفرنس کروانے جا رہے ہیں کہ جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ ڈویژنل صدر جے ایس او پاکستان عبداللہ رضا نے علامہ صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وحدت کا یہ درس علامہ سید ساجد علی نقوی سے لیا ہے اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں کہ جب ہمارے پیارے ملک پاکستان میں اتحاد و وحدت کی وہ فضا قائم ہو گی کہ دشمن اتحاد بھی انگشت بدندان ہوں گے۔