ڈی آئی خان، دہشتگردی کے حالیہ واقعات پولیس کی ناکامی ہیں، فیصل کریم کنڈی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کی واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے حالیہ افسوسناک واقعات پر ہمیں انتہائی دکھ ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان دیگر صوبوں میں امن و امان کے حوالے سے شور مچاتے ہیں اور اپنی خیبر پختونخوا حکومت کو انقلابی اور پولیس کو بہترین قرار دیتے ہیں۔ دہشت گردی کے یہ واقعات مقامی پولیس کی ناکامی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی آئی خان میں بلاول ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ میلہ اسپاں و مویشیاں کا انعقاد علاقائی سرگرمیوں کیلئے ضروری ہے لیکن اس میں موسیقی، ناچ گانے اور آتش بازیاں پی ٹی آئی کی حکومت کا مقامی لوگوں کو تحفہ ہے۔ ایک طرف دہشتگردی ہے تو دوسری طرف پی ٹی آئی نے بےحیائی اور فضول خرچی جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میلہ مویشیاں میں موسیقی نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے حالات کے پیش نظر پی ٹی آئی سادگی اپناتی، ماضی کے مقابلے میں پی ٹی آئی نے میلہ کے نام پر آٹھ نو گنا زیادہ پیسے اڑا دیئے ہیں۔ اسی لاکھ روپے کے سرکاری فنڈز میلہ کے نام پر عیاشیوں میں اڑائے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی دہشت گردی کے ان واقعات میں ڈیرہ اسماعیل خان کے شہریوں اور متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہے۔