مالک اشتر کو لکھا گیا حضرت علی (ع) کا خط انتہائی اہمیت کا حامل ہے، عمر ریاض عباسی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) نظریہ یا آئیڈیالوجی کسی بھی خطہ کی اساس ہوتی ہے، پاک وطن وہ خطہ ہے جس کا نظریہ اور اساس اور جس کی نسبت سرکار دو عالم سرور کائنات حضرت محمد مصطفٰی (ص) سے ہے، پاکستان کی آئیڈیالوجی آج کسی کو بنانے کی ضرورت نہیں۔ اس پاک سرزمین کی نسبت آقائے دوجہاں (ص)، قرآن اور شب قدر سے ہے۔ یہ وطن پاک لوگوں کی سرزمین ہے، پاک سوچ اور پاک دل کے حامل افراد کا ملک ہی پاکستان کہلائے گا، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن پاکستان عوامی تحریک عمر ریاض عباسی نے تعمیر پاکستان طلباء کانفرنس سے ٹیکسلا میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم ) کے زیراہتمام ہونے والی کانفرنس میں خواتین و حضرات اور جوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
نصاب تعلیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے عمر ریاض عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارے کورس میں سنڈریلا کے جھوٹ کے قصے تو پڑھائے جاتے ہیں، لیکن سرکار غوث الاعظم (رح) کا تذکرہ نہیں کیا جاتا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ نصاب تعلیم میں دہشت گردی کے خلاف ڈاکٹر طاہر القادری کے تیار کردہ نصاب کو شامل کیا جائے۔ یہ ہمارا دعویٰ ہے کہ نیشنل ایکشن پلان ڈاکٹر طاہر القادری کے دہشت گردی کے خلاف فتویٰ کا مطالعہ کرنے کے بعد تیار کیا گیا۔ اپنے خطاب میں عمر ریاض عباسی کا کہنا تھا کہ امام حسن علیہ السلام وہ شخصیت تھیں جنہوں نے امت کو تقسیم ہونے سے بچایا اور مصلحت کے تحت خلافت اور اقتدار کو قربان کر دیا، تاریخ گواہ ہے کہ مروان بن حکم کے دور میں امام حسن علیہ السلام کے جنازے پر تیروں کی بارش کی گئی، مروان بن حکم نے امام حسن علیہ السلام کو اپنے نانا جناب رسول اللہ (ص) کے پہلو میں دفن نہیں ہونے دیا۔ اور امام مظلوم (ع) کے جنازے میں صرف تیرہ لوگ شامل تھے، جس سے یہ بات ظاہر ہے کہ جنازوں میں زیادہ لوگوں کا شامل ہونا کسی کے بےگناہ ہونے کی دلیل نہیں ہے۔
اگر فیصلہ کثرت جنازہ پر ہونا ہے تو امام حسن علیہ السلام کے جنازہ میں صرف تیرہ افراد شامل تھے، دشمنی زندگی میں ہوتی ہے مرنے کے بعد نہیں ہوتی، لیکن امام حسن علیہ السلام کے اس دنیا سے پردہ فرما جانے کے بعد آپ (ع) کے جنازے پر بھی تیر برسائے گئے۔ دشمنی ہر کسی سے نہیں کی جاتی، جس سے آپ کو خوف ہوگا دشمنی اسی سے کریں گے۔ دنیا ہر کسی سے دشمنی نہیں کرتی، دنیا ان ہی لوگوں کی دشمن ہوتی ہے جو کسی کاز کے لئے کام کر رہے ہوتے ہیں، امام حسن علیہ السلام انہی عظیم لوگوں میں سے تھے۔ جن کے لئے جنت کی بشارتیں تھیں، جوانان جنت کے سردار ہیں، ان کے جنازے پر تیروں کی بوچھاڑ کی گئی۔ انتخابی اصلاحات کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلی انتخابی اصلاحات حضرت علی علیہ السلام نے کیں، جنہوں نے اپنے گورنر مالک اشتر (رض) کو تفصیلی خط میں انتخابی اصلاحات، بیورو کریسی، اور اختیارات کے گراس روٹ لیول تک منتقلی، اداروں کو کرپشن سے پاک کرنے پر لکھا۔ حضرت علی علیہ السلام سب سے پہلے انتخابی اصلاحات کے بانی تھے۔ عمر ریاض عباسی کا کہنا تھا کہ آج ممتاز قادری کے مزار کیلئے 42 کروڑ جمع کیا جا چکا ہے، روحانی سانپ اور نیولے اپنی جیبیں بھر رہے ہیں۔ ایم ایس ایم کے جوان بارود والوں کے مقابل ہمارا درودی اسلحہ ہیں۔