کسی بھی مسلمان کی تکفیر کو حرام سمجھتے ہیں، علامہ ریاض نجفی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل کے وفد نے بزرگ عالم دین وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر حافظ ریاض حسین نجفی اور نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی سے جامعتہ المنتظر میں ملاقات کی، ان سے ملی امور پر تبادلہ خیال کیا اور رہنمائی لی۔ ملاقات میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، صوبائی صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری، مرکزی سیاسی سیل کے چیئرمین علامہ شبیر حسن میثمی اور علامہ محمد افضل حیدری بھی موجود تھے۔ حافظ ریاض نجفی نے علامہ سید ساجد علی نقوی اور قومی پلیٹ فارم شیعہ علماء کونسل کے اتحاد بین المسلمین کی فضا کو بہتر بنانے میں کردار کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ مکتب اہل بیت تمام مسالک کا احترام کرتا ہے اور ان سے قریبی روابط بھی رکھتا ہے، اصولی اختلافات اپنی جگہ کسی مسلمان کی تکفیر کو حرام سمجھتے ہیں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ اسلامی تحریک کا آئندہ دنوں میں سیاسی کردار مزید ابھر آئے گا، ہم اتحاد و وحدت اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور امت کی مضبوطی اور پاکستان میں اسلام کے عادلانہ نظام کا نفاذ ہماری منزل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی کی خواہش تو ہے مگر ابھی کافی کام باقی ہے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ مکتب تشیع کا کسی مسلک سے اختلاف نہیں، تمام امت مسلمہ کا حصہ اور کلمہ گو ہیں، دیوبندی مکتبہ فکر کی نمائندگی مولانا فضل الرحمان اور مولانا سمیع الحق کرتے ہیں، ہم ان سے ملتے بھی رہتے ہیں، کسی بازاری، تکفیری دہشتگرد گروہ کو کسی بھی فرقے کا نمائندہ نہیں سمجھتے اور اس کیساتھ بیٹھنا اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اسلامی تحریک نے عوامی خدمت پہلے بھی کی اور اب بھی کریں گے۔ علامہ ساجد نقوی کی پالیسیاں مستقل اور تحمل مزاجی پر مشتمل ہوتی ہیں، وقتی ابال اور پانی کا بلبلہ ثابت نہیں ہوتیں، اسی وجہ سے دور رس اثرات رکھتی ہیں۔