خانقاہوں سے نکل کر رسم شبیری کا وقت آپہنچا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے میانوالی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد وقت کا تقاضا ہے۔ میانوالی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت اپنی صفوں میں موجود دہشت گردوں کے حامیوں کو پکڑے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد وقت کا تقاضا ہے، حکومت امن پسند سنی عوام پر دہشت گردی کا لیبل لگا کر ملک میں انتشار پیدا کرنے کے درپے ہے، دہشت گردی کی وارداتوں میں وزیر قانون پنجاب دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں، پنجاب میں آپریشن بہت پہلے ہونا چاہے تھا، خانقاہوں سے نکل کر رسم شبیری کا وقت آپہنچا ہے۔
پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نون لیگی حکومت اپنی صفوں میں موجود دہشت گردوں کے حامیوں کو پکڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقوق نسواں بل کا پہلا شکار وزیر قانون پنجاب رانا ثناء ﷲ ہوں گے، کیونکہ گھر میں ان کی کیا عزت ہے پورا فیصل آباد جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں، عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک کا باضابطہ اعلان ہوگا، اگست میں حکومت کا بوریا بستر گول کر دیں گے، علامہ طاہر القادری اور دیگر دینی جماعتوں کے ساتھ گرینڈ الائنس کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، ممتاز قادری نے سوئی ہوئی قوم کو جگا دیا ہے، اب گھروں میں بیٹھنے کا وقت نہیں رہا۔