کالعدم مذہبی جماعتوں کے مدارس را اور ملک دشمنوں کے اڈے ہیں، علامہ عون نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملت جعفریہ کے علماء و ذاکرین کا مشترکہ اجلاس رضویہ سوسائٹی میں علامہ عون نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پنجاب کے مختلف حصوں میں آپریشن کی حمایت اور لاہور سانحہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اس موقع پر علامہ عون نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملت جعفریہ کے اکابرین نے قیام پاکستان میں عظیم قربانیاں اور خدمات دیں اور ہمیشہ اسلام اور پاکستان کا دفاع کیا جبکہ نام نہاد کالعدم سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے را اور ملک دشمنوں سے پیسے لیکر یہاں بے گناہوں کا خون بہایا جس سے ملک معاشرتی طور پر تباہ ہوا لہٰذا کالعدم جماعتیں را کی ایجنٹ ہیں ان کے خلاف سخت ترین آپریشن ملکی سطح پر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیعہ مدارس ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک ہیں ہمارے ہاں نصابی تعلیم اور دینی ترویج کے علاوہ کسی قسم کی سرگرمیاں نہیں ہوتیں، جبکہ کالعدم مذہبی جماعتوں کے مدارس را اور ملک دشمنوں کے اڈے ہیں جن کے خلاف کاروائی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے جنرل راحیل شریف سے کہا کہ وہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور دیگر حصوں میں بھی دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑیں اور گرفتار دہشت گردوں کو جلد از جلد سزا دلوائی جائے۔ اس موقع پر مولانا اکرام حسین ترمذی، مولانا آغا جعفر، مولانا غلام علی عارفی، مولانا خلیل کمیلی، مولانا سرباز شگری، علامہ سجاد اختر علوی، علامہ احمد حسین خیرپوری، لخت حسنین زیدی، آصف شاہ، حکیم محمد احمد، عاقل قریشی اور دیگر جماعتوں کے نمائندگان موجود تھے۔