پنجاب میں سکیورٹی اداروں کی کارروائی قابل تحسین ہے، پنجاب حکومت روڑے اٹکانے سے باز رہے، علامہ اقتدار نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب اور بالخصوص جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشن قابل تحسین ہیں، ملکی حالات کے تناظر میں اس طرز کے آپریشن کی ضرورت بہت پہلے سے تھی، تاہم سانحہ لاہور کے بعد پاک فوج کی سرکردگی میں ہونے والے آپریشن میں بڑے بڑے دہشت گردوں کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہیں کہ جنوبی پنجاب دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا تھا۔ گذشتہ چار دنوں میں سکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کیا ہے۔ ہم حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان دہشتگردوں کے کیسز فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے۔ علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں موجود دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی تمام جماعتوں نے حمایت کی، لیکن مسلم لیگ نون نے ہر دور میں ان دہشتگردوں کو کلین چٹ دی۔ صوبائی وزیر قانون کی جانب سے مسلسل غیر سنجیدہ بیانات ملکی سلامتی اور آپریشن نضرب عضب کے لئے نقصان دہ ہیں۔ پنجاب حکومت دہشتگردوں کے خلاف ہونے والے آپریشن میں روڑے اٹکانے سے باز رہے۔ ملک اب مزید دہشتگردی کا متحمل نہیں ہے۔