آخری دہشتگرد کے خاتمے تک پاک فوج کیساتھ کھڑے رہیں گے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے تحفظ ناموس رسالت محاذ کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد علی نقشبندی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلسنّت شدت پسند نہیں امن پسند ہیں، دروُد والوں نے ہمیشہ بارود والوں کیخلاف جرأت مندانہ آواز اٹھائی ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک پاک فوج کیساتھ کھڑے رہیں گے، نیشنل ایکشن پلان کے 20 میں سے صرف 4 نکات پر عمل ہوا ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنے حصے کا 90 فیصد کام مکمل کر لیا ہے، لیکن حکومت ووٹ بینک متاثر ہونے کے ڈر سے پنجاب میں آپریشن کی مخالفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر حکومت کا شدید ردّعمل سے گریز قومی مفاد میں نہیں، پنجاب میں دہشتگردوں اور کرپشن کے خاتمے کیلئے رینجرز کو فری ہینڈ دیا جائے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان حکومتی غفلت کی وجہ سے بیرونی ایجنسیوں کی چراگاہ بن چکا ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر مجرمانہ خاموسی اختیار کرکے قوم کو مایوس کیا ہے، پاک فوج نے قربانیاں دیکر قبائلی علاقوں میں ریاست کی رٹ قائم کی ہے، پنجاب حکومت کے ترقیاتی کام محض دکھاوا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں پر مختلف ٹیکس ختم کئے جائیں، حکمرانوں کیلئے ماڈل ٹاؤن سے جاتی امرا تک کے پروٹوکول کا یکطرفہ خرچہ 35 لاکھ روپے ہوتا ہے، وی آئی پی کلچر ختم ہونا چاہیئے، قومی خزانہ کا بڑا حصّہ حکمران خاندان کے پروٹوکول پر خرچ ہو رہا ہے۔