پاکستانی شیعہ خبریں

کرپشن، بدعنوانی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تعلیم کا فروغ ضروری ہے، ایم پی اے آغا رضا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات اور ممبر بلوچستان اسمبلی آغا رضا نے کہا ہے کہ نئی نسل کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے تعلیم کے شعبہ کو اولین ترجیح دینی چاہئے، یہ بات اُنھوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مومن آباد کوئٹہ میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔اُنھوں نے کہا کہ تعلیم پر توجہ دے کر ہی ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہے۔ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ پاکستان میں اس وقت جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہ تعلیم ہے۔ اس کے بغیر کسی بھی قسم کی ترقی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دُنیا میں صرف تعلیم یافتہ ملکوں نے ہی ترقی کی ہے اور جس قوم کو جب شعور آگیا، اُس نے تعلیم پر توجہ دی اور ساری دُنیا پر چھاگئی، لیکن ہماری یہ بد قسمتی رہی ہے کہ ہمارے حکمرانوں کی بدعنوانی اور مال کمانے کی ہوس نے کوئی شعبہ چھوڑا نہیں، سب سے مقدس پیشے تعلیم میں سے بھی رقم ہڑپ کرجاتے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ یہ اُس ملک کا حال ہے، جہاں تعلیم کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں حکومتیں سب سے کم رقم تعلیم پر خرچ کرتی ہیں اور ان کے کارندے وہ رقم بھی کھا جاتے ہیں، جودوسرے ممالک انہیں تعلیم کے فروغ کے لئے دیتے ہیں۔ اس ملک کی بد قسمتی اس سے زیادہ اورکیا ہو سکتی ہے کہ جس شعبے میں سب سے زیادہ توجہ کی ضرورت ہے، اُسے سب سے زیادہ نظر اندازکیا جاتا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ ہم غریب اور مستحق طالباء و طالبات کا حق ان کی دیلیز تک پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں۔ مستحق طالب علموں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور اُنھیں تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں مختص فنڈز میں غیر معمولی اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط بہتر بنانے، تعلیمی ماحول کے ساتھ تدریس کے عمل کو بامعنی اور مثبت بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ تقریب میں علاقے کے معتبرین اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button