تکفیری دہشتگردوں کے ظاہری و پوشیدہ حامی اب بھی موجود ہیں، علامہ ریاض شاہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) انسداد دہشتگردی کیلئے ابلاغی و فکری محاذ پر بھی لڑنا ہو گا، انتہا پسند ذہنوں کی تبدیلی کیلئے علماء اپنا کردار ادا کریں، آئین کی تمام اسلامی شقوں پر ان کی روح کے مطابق عمل یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں آئین کی دفعہ 260 ختم کروانا چاہتی ہیں، آئین کی اس دفعہ میں مسلمانوں کی تعریف کی گئی ہے اور ختم نبوت پر ایمان ضروری قرار دیا گیا ہے۔ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ معاشرے میں تکفیری دہشتگردوں کے ظاہری و پوشیدہ حامی اب بھی موجود ہیں، معاشرہ اخلاقی اعتبار سے انتشار اور خلفشار کا شکار ہو چکا ہے، معاشرے میں ہر قسم کے فتنہ و فساد کے سدباب کیلئے علماء اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پاکستان کو امن و سکون کا گہوارہ بنانے کیلئے نفاذ شریعت کا فریضہ پور ا کریں، فساد فی الارض کے تکفیری دہشتگردوں کے مقابلے کیلئے قوم متحد ہو جائے، اللہ نے فتنہ کو قتل سے بھی زیادہ بڑا گناہ قرار دیا ہے۔