شام کے شہر حلب میں شامی فوج کی پیشقدمی جاری
شامی فوج نے شمالی حلب کے مضافاتی علاقے "حندرات” کیمپ میں دہشت گرد گروہوں کے ساتھ لڑائی میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا اور ان علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا-
در ایں اثنا شام کی فضائیہ نے دمشق کے مضافات میں تشرین اور الضمیر علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں پر شدید حملے کئے ہیں، ان حملوں میں دسیوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے- شامی فوج نے مشرقی حلب کے متعدد دیہاتوں میں دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا-
دوسری جانب شہر حلب کے رہائشی علاقوں پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں متعدد شہری منجملہ عورتیں اور بچے زخمی ہوگئے-
واضح رہے کہ شام میں گذشتہ ستائیس فروری سے جنگ بندی نافذہے البتہ داعش اور جبھۃ النصرہ جیسے دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر شامی فوج کے حملوں کو، اس جنگ بندی سے مستثنی رکھا گیا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران نے شام میں جاری جنگ بندی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئےکہا ہے کہ وہ شام کے بحران کے پرامن حل کی حمایت کرتاہے – شام سے متعلق امن مذاکرات کے نئے دور کا آغاز بدھ سے جنیوا میں ہوا ہے-