دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہریوں کا تعاون بنیاد ی حیثیت رکھتا ہے، امین وینس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) اگر ہم اپنے پیارے نبیؐ کی تعلیمات کو اپنا لیں تو درندہ نما یہ دہشتگرد کسی صورت ہمارے بچوں اور شہریوں کو اپنی کارروائیوں کا نشانہ نہیں بنا سکتے کیونکہ یہ دہشتگرد اپنے مقاصد میں تبھی کامیاب ہوتے ہیں جب کوئی انہیں پناہ دیتا ہے، ان کے کھانے پینے کا بندوبست کرتا ہے اور انہیں ٹرانسپورٹ مہیا کرتا ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے شاہراہ قائداعظم پر لاہور کی تمام یونین کونسلز کے منتخب چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور کونسلرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں شہریوں کا تعاون بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے جس کے بغیر معاشرے سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے اورتکفیری دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے پاک نہیں کیا جا سکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدؐ کا بھی فرمان ہے کہ رات کو سونے سے قبل اپنے ہمسایوں کی خبر گیری کر کے سویا کرو اور، اگر ہمیں اپنے اردگرد رہنے والوں کو اچھی طرح جانتے ہوں تو باہر سے آ کر کوئی تکفیری دہشتگرد حملہ نہیں کر سکتا۔
کیپٹن امین وینس کا کہنا تھا کہ ہمسایوں کی خبرگیری کا نظام کمیونٹی پالیسنگ کا دوسرا نام ہے جس کے ذریعے ہم نہ صرف خدمت خلق کو فروغ دے سکتے ہیں بلکہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے باآسانی اکھاڑ سکتے ہیں۔ اجلاس میں خواجہ احمد حسان، رکن قومی اسمبلی ملک پرویز، رکن صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر، چودھری شہباز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چودھری، ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا، ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک، تمام ڈویژنل ایس پیز اور مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری توصیف شاہ بھی موجود تھے۔