بطور حکمران حضرت علی علیہ السلام کا کردار حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ امین شہیدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علماء پاکستان نیازی کے زیراہتمام لاہور میں "جشن مولود کعبہ” سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام میں بیک وقت سپہ سالار اور قاضی کی خصوصیات نظر آتی ہیں جو کسی اور کے حصے میں نہیں آئیں۔ ہمیں سیاست میں حضرت علی علیہ السلام کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہیے، کیونکہ ایک ہی شخصیت میں مختلف خصوصیات کوئی معمولی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کی پوری زندگی انسانیت کیلئے نمونہ عمل ہے، آپ نے امت کی رہنمائی کیلئے انتہائی دلکش انداز اپنائے، آپ کے فیصلے آج بھی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہیں یہی وجہ تھی کہ بہت سے حکمرانوں کو کہنا پڑا کہ آج علی نہ ہوتے ہم ہلاک ہو گئے ہوتے۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ بطور حکمران حضرت علی کا کردار حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، انہیں اقتدار سے کوئی دلچسپی نہیں تھی، آپ نے فرمایا تھا کہ اس اقدار کی اہمیت میرے لئے جوتے سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی کو جہاد میں دیکھیں تو ان سے بڑھ کر کوئی مجاہد نہیں، آپ نے تمام جنگوں میں اپنے عسکری فن کے جوہر دکھائے یہاں تک کہ خیبر بھی آپ کے دست مبارک سے فتح ہوا۔