لاہور، ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کیجانب سے سینئر صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کی طرف سے اخبارات کے ایڈیٹرز، کالم نگاروں اور تجزیہ کاروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ ایرانی سفیر کہتے ہیں کہ پاکستان اور ایران کے دشمن اور دوست سانجھے ہیں مل کر سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔
زرائع کے مطابق پاکستان میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے شادمان لاہور میں واقع ایرانی قونصلیٹ میں مختلف اخبارات کے ایڈیٹرز، تجزیہ کاروں اور اینکر پرسنز کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل ایران محمد حسین بنی اسدی، سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف نظامی، مجیب الرحمٰن شامی، گروپ ایڈیٹر ڈیلی سٹی 42 نوید چودھری، کالم نگار عطاءالرحمٰن، سینئر صحافی سجاد بخاری، عمر شامی، عثمان شامی، صدر لاہور پریس کلب شہباز میاں سمیت دیگر سینئر صحافی موجود تھے۔ ایرانی سفیر نے مقامی تجزیہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران اور پاکستان کے درمیان بے شمار مشترک ثقافتی و سماجی اقدار ہیں۔ مہدی ہنر دوست نے کہاکہ ایران کا استحکام پاکستان کی ترقی و استحکام سے جڑا ہوا ہے۔
مہدی ہنردوست کا کہنا تھاکہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کیخلاف ہونیوالی سازشوں کو مل کر ناکام بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھاکہ امت مسلمہ کیخلاف عالمی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ایرانی سفیر مہدی ہنردوست کا کہنا تھاکہ ایران اور پاکستان کے دوست اور دشمن سانجھے جبکہ منزل ایک ہے۔