حکومت اپوزیشن جماعتوں میں دراڑیں ڈال کر تقسیم کرنا چاہتی ہے، علامہ راجہ ناصر عباس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پانامہ لیکس نے ثابت کر دیا ہے کہ حکمران کرپشن میں لتھڑے ہوئے ہیں،پانامہ لیکس پر حکومت کی جانب سے بنائے گئے ٹی او آرز کو مسترد کرتے ہیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی بجائے اپوزیشن جماعتوں میں دراڑ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے ثابت کر دیا ہے کہ حکمران کرپشن میں لتھڑے ہوئے ہیں، ان انکشافات کے بعد وزیراعظم کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کرنا چاہیے، تاکہ قوم کو بھی پتہ چل سکے کہ حکمرانوں کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حامی ہے اور ہم کرپٹ حکمرانوں کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کی دولت لوٹ کر بیرون ملک بینکوں میں بھی رکھی ہوئی ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں، یہ حکمرانوں کا دوہرا معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے مستقبل کا جو بھی فیصلہ کریں گی، ہمیں قبول ہوگا۔