اہلسنّت جماعتوں نے نوازشریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) نواز شریف کی اقتدار میں موجودگی سے پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔ ن لیگ کسی دوسرے شخص کو وزیر اعظم نامزد کرے۔
زرائع کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام جامعہ رضویہ میں منعقدہ اہلسنّت جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں 30 اہلسنّت جماعتوں نے نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔ نواز شریف کی اقتدار میں موجودگی سے پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔ مشترکہ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کسی دوسرے شخص کو وزیر اعظم نامزد کرے۔ اہلسنّت جماعتیں ’’کرپشن مکاؤ ملک بچاؤ مہم‘‘ اور احتساب کی حمایت میں تحریک چلائیں گے۔ کرپشن کیخلاف اور احتساب کے حق میں مفتیان کرام اجتماعی فتویٰ جاری کریں گے، بلا امتیاز احتساب کا عمل تیز کیا جائے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے بارے میں نرم گوشہ رکھنے والے حکمران سیکورٹی رسک بن چکے ہیں۔ آرمی چیف کے کرپشن مخالف اقدامات کی حمایت اور خیر مقدم کرتے ہیں، ملک میں نظام مصطفی نافذ کیا جائے
اطلاعات کے مطابق اہلسنّت جماعتوں کا مشترکہ اجلاس سنی اتحاد کونسل کی دعوت پر جامعہ رضویہ مظہر الاسلام فیصل آباد میں منعقد ہوا۔ مشترکہ اجلاس میں مرکزی جے یو پی، جماعت اہلسنّت پاکستان، نظام مصطفی پارٹی،انجمن طلباء اسلام، پاکستان فلاح پارٹی، تحریک مشائخ پاکستان، تنظیم المساجد پاکستان، مصطفائی تحریک، انجمن نوجوانان اسلام، سنی علماء بورڈ، جانثاران ختم نبوت، تحفظ ناموس رسالت محاذ، تنظیم اتحاد امت، تحریک فروغ اسلام، سنی یوتھ ونگ، تحریک عوام اہلسنّت، انجمن خدام اولیاء، تحریک محبت رسول، سنی جانثار ، تحریک نفاذ فقہ حنفیہ، بزم محدث اعظم پاکستان، تنظیم السعیداور دوسری اہلسنّت جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔