پانامہ لیکس کے بعد نواز شریف اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈیرہ مراد جمالی کا دورا کیا، اس موقع پر نصیر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب اور مرکزی امام بارگاہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاست دانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، پانامہ لیکس کے بعد نواز شریف اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔ جبکہ ملکی سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ملک و قوم کو دہشت گردی اور کرپشن سے نجات دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ چھلگری دہشت گردی کا المناک سانحہ تھا، مگر حکومت اور ریاستی ادارے چھ ماہ گذر جانے کے باوجود معصوم انسانوں کے قاتل مجرموں اور دہشت گردوں کو نہیں پکڑ سکے۔ زخمیوں کے علاج اور متاثرین کی امداد سے متعلق بھی حکومتی وعدے پورے نہیں ہوئے۔ چھلگری کے متاثرین کو انصاف ملنا چاہئے۔ درین اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ ڈی آئی جی نصیر آباد شرجیل کھرل سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے سانحہ چھلگری اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کی تفصیلات بتاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف نصیر آباد ڈویژن میں بھرپور آپریشن کیا جائے اور سانحہ چھلگری کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔