نظام ولایت و امامت عصر حاضر کے تمام مسائل کا حل ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے قائد عوام انجینیئرنگ یونیورسٹی نوابشاہ کا دورہ کیا، اس موقع پر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے یوم علی علیہ السلام کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا، اور یونیورسٹی کے طلبہ سے ملے۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سربراہ علامہ مختار احمد امامی بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عادلانہ انسانی معاشرے کا قیام انبیائے الٰہی (ع) کا بنیادی ھدف رہا، انبیاء کے حقیقی وارث وہ ہیں جو اھداف انبیاء (ع) کی تکمیل کو اپنا نصب العین قرار دیں۔ صراط مستقیم انبیائے کرام (ع) اور آئمہ ھدیٰ (ع) کے راستے کا نام جو کامیابی کا واحد راستہ اور نجات کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام ولایت و امامت، اھداف انبیاء (ع) کے تسلسل کا نام ہے، جو عصر حاضر کے تمام مسائل کا حل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مغربی جمہوریت کے پاس انسان کے کسی درد کی دوا نہیں۔ ایسے میں دینی جمہوریت کے علمبردار آگے بڑھ کر بشریت کی رہنمائی کریں۔ دین و سیاست کی جدائی اور سیکولرازم سے متعلق علامہ اقبال نے کہا تھا جدا ہو دین سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے جبکہ ملکی سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ملک و قوم کو دہشت گردی اور کرپشن سے نجات دلائیں۔ کرپشن اور دہشت گردی نے دیمک کی طرح ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ بے بنیاد مصلحتوں اور مفاد پرستی سے بالاتر ہوکر دہشت گردی کے خلاف ملک گیر آپریشن کامیاب بنایا جائے۔