مذہبی جماعتیں اسلام آباد کی بجائے اسلام کو منزل بنائیں، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) اپوزیشن جماعتیں اختلافات بھلا کر متحد ہو جائیں، منقسم اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی رینجرز کا آپریشن شروع کیا جائے اور ملک بھر میں نوگو ایریاز ختم کئے جائیں، ووٹ کی طاقت سے انقلاب نظام مصطفٰے لائیں گے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سیکریٹریٹ فیصل آباد سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کیا۔صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ہم بلٹ پر نہیں بیلٹ پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتیں اسلام آباد کی بجائے اسلام کو منزل بنائیں، کرپشن کیخلاف فوجی آپریشن ناگزیر ہے، کمیشن کے ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک کی ذمہ دار حکومت ہے، حکومتی ٹی او آرز ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت نہیں، صرف جمہوری تماشہ چل رہا ہے، باہر لے جایا گیا پیسہ واپس آ جائے تو ملکی قرضہ اتر جائے گا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشتگردی اور کرپشن سے پاک پرامن پاکستان وقت کا تقاضا ہے، پاک بھارت تعلقات میں بھارتی ہٹ دھرمی رکاوٹ ہے، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پر عالمی دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے، بھارت نے روز اول سے ہی پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دیکر دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے، وزیراعظم جلسوں کے بجائے پارلیمنٹ میں اپنا مؤقف پیش کریں، حکومت ٹی او آرز کے مسئلہ پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے بحران کو بند گلی کی طرف لے جا رہی ہے، نون لیگ کے قائدین لیڈر نہیں لٹیرے ہیں۔