وفاق المدارس شیعہ کا تمام مربوط مدارس کو اپنی عمارتوں پر قومی پرچم لگانے کی ہدایت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان سے ملحقہ دینی اداروں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ دینی مدارس کی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائیں۔ یہ ہدایت وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری کی طرف سے قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مذہبی امور و تعلیم کے فیصلے کی روشنی میں تحریر کردہ مراسلے میں کی گئی۔ جس کے مطابق تمام اتحاد تنظیمات کے وفاق المدارس سے کہا گیا ہے کہ طلبا و طالبات میں جذبہ حب الوطنی کے اظہار کیلئے مدارس دینیہ کی عمارتوں پر بھی سبز ہلالی پرچم لہرایا جائے۔ مدارس کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ دینی مضامین کیساتھ سائنس اور کمپیوٹر کی تعلیم کا بھی اہتمام کیا جائے، تاکہ طلبا و طالبات جدید تقاضوں سے آگاہ ہوں اور مدرسہ چھوڑنے کے بعد انہیں نوکری کے حصول میں مشکل نہ ہو۔ وفاق المدارس الشیعہ کی طرف سے جامعہ زینبیہ بلکسر، چکوال کی 2 طالبات کو تعلیمی ورکشاپ کیلئے جرمنی بھجوانے کی بھی منظوری دی گئی۔ علامہ افضل حیدری نے مجلس اعلیٰ کے فیصلے کے مطابق یہ ہدایت بھی کی ہے دوران تعلیم ایک مدرسے سے دوسرے میں منتقل ہونے کی صورت میں طالبعلم کو عدم اعتراض کا سرٹیفیکیٹ (این او سی) پیش کرنا لازمی ہوگا۔