اسلام کے پیروکار ہی امن و آشتی کے حقیقی علمبردار ہیں، راغب نعیمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف دینی سکالر و ناظم اعلیٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ معاشرے میں فروغ تحمل و برداشت کیلئے قلم اور کتاب کا کلچر عام کیا جائے، امن وامان کے قیام کیلئے بین المذاہب ومسالک مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، نبی کریمﷺ نے اپنے مثالی کردار سے خطۂ عرب میں سب سے پہلے امن کی بنیاد رکھی اور اسلام کے پیروکار ہی امن و آشتی کے حقیقی علمبردار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں علماء کرام کی ایک تربیتی نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ مدارس اہل سنت معاشرے میں اخوت و بھائی چارے، صبروتحمل، برداشت اور رواداری کلچر کو فروغ دے رہے ہیں، امن وامان کے قیام کیلئے مدارس اہلسنت نے گراں قدر قربانیاں دی ہیں، معاشرے میں اخلاقی اقدار کے فروغ اور تحفظ کیلئے صوفی ازم کو اپنایا اور پھیلایا جائے، نسل نو کی اخلاقی تربیت کیلئے اساتذہ اور علماء و خطباء کا کردار انتہائی اہم ہے، ہمارا کردار نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ کا آئینہ دار ہونا چاہئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر سید محمد علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پوری دنیا میں جنگیں مذہب کی بنیاد پر ہوئی ہیں لیکن کوئی بھی مذہب جنگ کی اجازت نہیں دیتا، پرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے اساتذہ اور علماء کرام ’’برداشت‘‘ کے کلچر کو عام کریں۔ پاکستان کو عظیم اسلامی ریاست بنانے کیلئے علم و تحقیق کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ تربیتی نشست سے ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس، ڈاکٹر اکرم ورک، ڈاکٹر حسیب قادری سمیت نامور سکالرز نے بھی خطاب کیا۔