لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کا بھوک ہڑتالی کیمپ، شب شہدا کا اہتمام
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب پر 6 روز سے جاری بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملک بھر میں دہشتگردی سے شہید ہونیوالے پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شب شہداء منائی گئی جس میں شہریوں کی بری تعداد نے شرکت کی۔
زرائع کے مطابق شب شہداء پروگرام میں مختلف مکاتب فکر کے علماء سول سوسائٹی مرد و خواتین نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں خانوادگان شہداء کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، شرکاء ہاتھوں میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے شہیدوں کی تصاویر اور دہشتگردی کیخلاف جنگ کا دائرہ وسیع کرنے کے مطالبات پر مبنی پلے کارڈ تھامے شریک تھے۔ ملک بھر میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر حکومتی خاموشی کیخلاف شرکاء نعرے لگاتے رہے۔ شب شہداء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما سید مبارک علی موسوی کا کہنا تھا حکمران سن لیں ہم نے گھروں کو خیرباد کہہ دیا ہے، ہم اپنے شہداء کے لواحقین کو انصاف ملنے تک سڑکوں پر موجود رہیں گے اور احتجاج کا یہ دائرہ پوری دنیا تک پھیلا دینگے، لندن، امریکہ اور دیگر یورپی ممالک میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا ہم مظلوموں کی حمایت میں نکلے ہیں، انشااللہ ظالم تکفیری دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی تک ہم میداں میں حاضر رہیں گے۔ علامہ مبارک علی موسوی نے وزیراعظم کے ڈیرہ اسماعیل خان دورہ پر دہشتگردی کا نشانہ بننے والے شہداء کو فراموش کرنے کے عمل کو بے حسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہماری نسل کشی کو فراموش کرکے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کی ہے، اس کا خمیازہ ن لیگ آنیوالے الیکشن میں بھگتے گی، 7 دن سے ہمارے مکتب فکر کے لوگ انصاف کیلئے سڑکوں پر ہیں لیکن ان بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری گزشتہ 7 دن سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور انکی کی صحت روز بہ روز بگڑ رہی ہے، کسی بھی نقصان کے ذمہ دار موجودہ بے حس حکمران ہونگے، ہم صبر کا دامن تھامے اپنے شہیدوں کیلئے انصاف مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کی ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم پسپا ہونے گھروں سے نہیں نکلے، انشاللہ اپنے خون کے آخری قطرے تک ان ظالموں کیخلاف میداں میں موجود رہیں گے، جن کے سبب ہزاروں پاکستانیوں کے ہنستے بستے گھر اجڑ چکے ہیں، ملک میں مٹھی بھر تکفیری شرپسندوں کو لگام دینے میں حکومت اور ریاستی ادارے ناکام ہو چکے ہیں، یہ قاتل اور درندے ہمارے ہی ریاستی اداروں کے پالے ہوئے ہیں جو آج محب وطن پاکستانیوں کو خاک و خون میں نہلا رہے ہیں، ہمارے حکمران اور اداروں کی غیر دانشمندانہ حکمت عملی نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزید اپنے پیاروں کی قربانی دینے کیلئے تیار نہیں، شیعہ ٹارگٹ کلنگ ملک بھر میں ایک مکمل منصوبہ بندی کیساتھ شروع کی ہے۔ شب شہداء سے مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج کی شب اپنے شہداء سے عہد کرتے ہیں کہ ہم ایک ایک مظلوم پاکستانی چاہے اس کا کوئی بھی فرقہ یا مذہب ہو، ان کو انصاف دلائے بغیر گھروں کو نہیں لوٹیں گے، ہمارا سلام ہو وارث شہداء امید مظلومین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پر کہ انہوں نے گذشتہ 7 دن سے بھوک پیاس کے عالم میں مظلومین پاکستان کے حق میں صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں، لیکن ہمارے بے حس اور نااہل حکمران اپنے تخت بچانے کیلئے دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے دروازوں پر دستک دیتے پھر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان کو کافرستان اور قائداعظم کو کافر اعظم کہنے والے آج اس ملک کے وارث بنے ملکی وسائل کو بے دریغ لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ پاکستان کیلئے جانی مالی قربانیاں دینے والوں کی اولادوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، ہم اب خاموش ہرگز نہیں رہیں گے، ہم انصاف کیلئے پرامن جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں لیکن اب مزید ظلم نہیں سہ سکتے۔ علامہ حسن ہمدانی کا کہنا تھا کہ ہماری یہ احتجاجی تحریک روز بہ روز بڑھے گی، وہ دن دور نہیں کہ شہر شہر گاوں گاوں اور گلی محلے تک اس احتجاج کا دائرہ بڑھے گا اور ہم انصاف لئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ علامہ حسن ہمدانی نے شب جمعہ کو دعائیہ اجتماع کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شب جمعہ اور روز جمعہ کو بھر پور احتجاج کیا جائیگا۔