شام کے شہر لاذقیہ میں دہشت گردانہ حملہ، دسیوں شہری جاں بحق اور زخمی
شام کے شہر لاذقیہ میں ایک دہشت گردانہ حملے میں دسیوں شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے-
سیریا ٹوڈے نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جمعے کو لاذقیہ کے علاقے میں ایک گاڑی پر دہشت گردانہ حملے میں تیرہ افراد جاں بحق اور بارہ دیگر زخمی ہوگئے- گاڑی میں سوار افراد شام کی قومی دفاع کی کمیٹیوں کے اراکین تھے- یہ افراد شمال مشرقی علاقے "تلہ حداددہ” سے واپس لوٹ رہے تھے- شام سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ دمشق کے غوطہ شرقی علاقے میں دہشت گردوں کے درمیان بدستور جھڑپیں جاری ہیں اور ان خونریز جھڑپوں میں آٹھ سو سے زائد دہشت گرد ایک دوسرے کے ہاتھوں ہلاک، اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں- اگرچہ دہشت گرد گروہ، شامی عوام کے قتل عام کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہوگئے تھے لیکن اب وہ خود غوطہ شرقی میں ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوگئے ہیں- ان دہشت گردوں کی آپسی لڑائی روکنے لئے سعودی عرب اور قطر کی بھی ثالثی بے نتیجہ رہی ہے اور یہ بات واضح ہے کہ دہشت گرد گروہ اپنے مدمقابل کو شکست دیئے بغیر لڑائی سے ہاتھ کھینچنے والے نہیں ہیں- سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ شام میں دہشت گرد گروہوں کے حامیوں کے درمیان اختلافات بھی ان جھڑپوں کے وجود میں آنے میں موثر رہے ہیں-