Uncategorized

لاہور میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی حمایت میںریلی، ہزاروں افراد کی شرکت

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف بھوک ہڑتال کو 17 دن مکمل ہونے پر لاہور پریس کلب سے پنجاب اسمبلی ہال تک ملت جعفریہ کی احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں مردوں، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

زرائع کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف 17 روز سے جاری بھوک ہڑتال کی حمایت اور پورے پاکستان میں شیعہ مومنین کی تواتر کے ساتھ جاری ٹارگٹ کلنگ کی خلاف لاہور پریس کلب سے پنجاب اسمبلی ہال تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔اطلاعات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےمرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، سید ناصر شیرازی، علامہ مبارک موسوی، علامہ حسن ہمدانی، علامہ ڈاکٹر یونس حیدری اور علامہ حسین نجفی کی قیادت میں ریلی میں لاہور بھر کی جامع مساجد کے آئمہ جمعہ اور مدارس جعفریہ کے علماء کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء ملک بھر میں ٹارگٹ کلنگ کے شکار شہداء کی تصاویر اور پلے کارڈ تھامے شریک تھے۔ شدید گرمی کے باوجود بچوں اور خواتین کی ریلی میں بھرپور شرکت رہی، ریلی میں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک، پاکستان پیپلز پارٹی، پاک سرزمین پارٹی، پاکستان مسیحا پارٹی، سنی اتحاد کونسل، جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ، سول سوسائٹی، وکلاء نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں شریک سیاسی جماعتوں، وکلاء، سول سوسائٹی کا مجلس وحدت مسلمین کے پرامن احتجاج اور موقف کی حمایت کا اعلان۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کا ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ حکمران اور ریاستی ادارے سن لیں ہم مظلوموں کو حقوق اور انصاف ملنے تک اس احتجاجی سلسلے کو جاری رکھیں گے، ہم نے اپنے شہداء کے پاک لہو سے عہد کیا ہوا ہے کہ ہم انصاف لئے بغیر گھروں کو واپس نہیں لوٹیں گے، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ لاہور نے آج اپنے محبوب قائد علامہ راجہ ناصر عباس کی حمایت اور ظالموں کیخلاف اظہار برات کرکے ثابت کر دیا ہے کہ ظالم و جابر حکمران کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔ ریلی سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جمشید چیمہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ظلم و بربریت کیخلاف آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم انصاف ملنے تک آپ کی اس احتجاجی تحریک کی حمایت جاری رکھیں گے، ملک پر مسلط کرپٹ حکمرانوں نے عوام کا جینا محال کیا ہوا ہے، ملت جعفریہ کی ملک بھر میں ٹارگٹ کلنگ اور مظلوم شہداء کے لواحقین کو انصاف تک نہ ملنا قابل مذمت ہے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مبارک موسوی کا کہنا تھا کہ آج کی یہ ریلی مظلوموں کے حامی و ناصر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی اور ان کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں ہے، یہ ریلی پنجاب میں ہمارے احتجاجی تحریک کا آغاز ہے، ریلی سے امامیہ آرگنائزیشن، آئی ایس او، جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ و سنی اتحاد کونسل، مدارس دینیہ، شیعہ شہریان لاہور اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی پرامن بھوک ہڑتالی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ ریلی میں علامہ ابوذر مہدوی، علامہ سید حیدر موسوی، علامہ ڈاکٹر محمد یونس حیدری، علامہ حسین نجفی، علامہ حسن ہمدانی، علامہ سید بشیر نجفی، علامہ امتیاز کاظمی، علامہ محمد اقبال کامرانی، مولانا سید منیر رضوی، مولانا محمد خان مہدوی، مولانا مظہر حسین جعفری، مولانا ناظم عترتی، مولانا سید رضی موسوی، مولانا محمد رضا عابدی، مولانا احسن رضوی، مولانا فرمان علی نجفی، مولانا اسماعیل، مولانا حسنین جعفری، مولانا سید مہدی موسوی، مولانا ابراہیم خلیلی، مولانا مظہر نقوی، مولانا ناصر مہدی، مولانا سلیم جعفر سمیت دیگر علما اور عمائدین شہر نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button