امریکہ خطے میں پاک چین مخالف بلاک کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں وفد سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ خطے میں پاک چین مخالف بلاک کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کی عیاشیوں کیلئے ٹیکس دیتے دیتے تھک گئی ہے، نیا بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہونا چاہیئے۔ انکا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، امریکہ، اسرائیل اور بھارت سی پیک منصوبہ روکنے کیلئے گیم پلان بنا رہے ہیں، چار ملکوں کی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان میں سازشوں کا جال بچھا دیا ہے۔ برطانیہ سے آئے ہوئے علماء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہمارا جینا مرنا انقلاب نظام مصطفی کیلئے ہے، روٹی، کپڑا اور مکان کا ضامن نظام مصطفی ہے، امریکہ عالمی امن کا سب سے بڑا دشمن ہے، حکومت پاکستان کی خود مختاری پر کو ئی سودا نہ کرے۔